01 مارچ ، 2013
اسلام آباد…وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وہ الیکشن ملتوی ہونے کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہیں،ملک میں ہر حال میں الیکشن ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیف وہیپ سید خورشید شاہ کی طرف سے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر قومی اسمبلی کے ارکان کے اعزاز میں دئیے گئے الوداعی عشائیے میں میڈیاا رکان سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل شفاف الیکشن میں ہی پنہاں ہے، ایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے لئے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھ کر مشاورت شروع کردی ہے، توقع ہے کہ اتفاق رائے سے معاملات آگے بڑھیں گے، نگران حکومت کے حوالے سے تمام فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے نامزدگیوں کے بعد بات چیت شروع کریں گے،ہمیں امید ہے کہ نگران حکومت پر اتفاق رائے قائم ہوجائے گا، اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن تک جائے گا اور وہ راستہ بھی آئینی ہی ہے۔ سید خورشید شاہ کے عشائیہ میں چیئرمین سینیٹ نئیر حسین بخاری ،اسپیکرقومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،ڈپٹی ا سپیکر فیصل کریم کنڈی ،وفاقی وزراء،گورنر خیبر پختونخواہ انجینئر شوکت اللہ،مسلم لیگ ن،ایم کیوا یم اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر محفل موسیقی کا بھی اہتمام بھی کیا گیا تھا۔