06 جنوری ، 2025
مائیکرو سافٹ نے اپنے بنگ سرچ انجن کو گوگل پر سبقت دلانے کے لیے ایک نئے طریقے پر عمل شروع کیا ہے۔
اس کی جانب سے ایسا یوزر انٹرفیس استعمال کیا جا رہا ہے جس سے صارف کو لگتا ہے کہ وہ بنگ کی بجائے گوگل سرچ انجن کو اوپن کیے ہوئے ہے۔
جی ہاں واقعی اگر آپ مائیکرو سافٹ اکاؤنٹ پر لاگ ان ہوئے بغیر بنگ سرچ انجن کو استعمال کرتے ہوئے گوگل کو سرچ کریں، تو وہ پیج گوگل جیسا ہی نظر آئے گا۔
9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق اس کا واضح مقصد بنگ کو اس مخصوص سرچ کے لیے گوگل جیسا دکھانا ہے جبکہ دیگر سرچز میں یہ خصوصی یوزر انٹرفیس نظر نہیں آتا۔
بنگ کے گوگل سرچ رزلٹس میں ایک سرچ بار، گوگل ڈوڈل جیسی ایک تصویر اور سرچ بار کے نیچے ویسا ٹیکسٹ نظر آتا ہے جیسا گوگل کی سائٹ پر ہوتا ہے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے خودکار طور پر پیج کو نیچے کی جانب معمول اسکرول بھی کیا جاتا ہے تاکہ اوپر موجود بنگ سرچ بار کو چھپایا جاسکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے کیے جانے والا ایک دلچسپ اقدام ہے اور اس کا مقصد لوگوں کو گوگل پر جانے سے روکنا یا یوں کہہ لیں کہ بنگ استعمال کرنے پر مجبور کرنا ہے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے اکثر ایسے اقدامات کیے جاتے ہیں جیسے صارفین کو قائل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ وہ گوگل اور کروم کی بجائے بنگ یا ایج پر سوئچ کر جائیں۔