01 مارچ ، 2013
اسلام آباد…وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں چوکوں اور شاہراہوں پر گھومنے والے گداگروں کا نوٹس لیا جائے، پانچ ارکان قومی اسمبلی نے ایوان میں توجہ دلاوٴنوٹس پیش کر دیالیکن وزیر مملکت برائے داخلہ کی حقیقت پسندی نے تو سب کو چونکا دیا، کہتے ہیں بھیک مانگنا قومی وطیرہ ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں گداگروں سے متعلق توجہ دلاوٴ نوٹس ارکان اسمبلی بشری رحمان، عطیہ عنایت اللہ، زُبیدہ جلال، ساجد احمد اور طاہر ہ اورنگزیب نے پیش کیا۔ ارکان کاکہناتھاکہ حکومت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چوکوں اور شاہراہوں پر گھومنے والے گداگروں کا نوٹس لے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ امتیاز صفدر وڑائچ جھٹ پٹ بولے کہ بھیک مانگنا قومی وطیرہ بن چکا ہے، گداگروں کے حوالے سے قانون سازی 50سال پرانی ہے، اس میں سخت سزائیں تجویزنہیں کی گئیں، اِس کے ساتھ ہی اُنہوں نے اپنی حکومت سے ہی گداگروں سے متعلق موثراقدامات کرنے کامطالبہ بھی کرڈالا۔