15 جنوری ، 2025
چین میں ایک خاتون کی گزشتہ دنوں 124 ویں سالگرہ منائی گئی اور انہوں نے اپنی طویل زندگی کے رازوں پر بھی روشنی ڈالی۔
چینی میڈیا کے مطابق چیو چیاشی نامی خاتون کی پیدائش یکم جنوری 1901 کو ہوئی تھی۔
صوبہ سیچوان کے علاقے Nanchong سے تعلق رکھنے والی خاتون نے 2025 کے آغاز پر 124 ویں سالگرہ منائی اور لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کرلی۔
ان کی پوتی ہی اب 60 سال کی ہے جبکہ ان کے خاندان کا سب سے کم عمر رکن 8 ماہ کا ہے۔
مگر ان کی عمر کی چین سے باہر کے اداروں کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے اور اسی وجہ سے ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج نہیں ہوسکا۔
مگر چین کے گھرانوں کے رجسٹریشن سسٹم hukou میں ان کی تاریخ پیدائش درج ہے۔
چیو چیاشی نے اپنی لمبی عمر کے رازوں کو اپنی سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے شیئر کرتے ہوئے سادہ اور معمولات پر مبنی طرز زندگی اپنانے پر زور دیا۔
وہ دن میں 3 بار کھانا طے شدہ وقت پر کھاتی ہیں اور کھانے کے بعد چہل قدمی لازمی کرتی ہیں جبکہ رات 8 بجے سونے کے لیے لیٹ جاتی ہیں۔
وہ اب بھی کئی کام کرلیتی ہیں جیسے اپنے بالوں کو سنوارنا، آگ جلانا، پالتو بطخوں کو کھانا کھلانا اور سیڑھیاں چڑھنا وغیرہ۔
ان کی زندگی کے ابتدائی برس مشکلات میں گزرے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ Qing بادشاہت کے عہد میں متعدد افراد خوراک نہ ملنے کے باعث ہلاک ہوگئے تھے مگر وہ کسی طرح بچنے میں کامیاب رہیں۔
شادی سے قبل وہ اکثر کاشتکاری سے جڑے سخت کام کرتی تھیں اور 40 سال کی عمر کے بعد ان کے شوہر کا اچانک انتقال ہوگیا اور وہ 4 بچوں کی تنہا پرورش کرنے پر مجبور ہوگئیں۔
تمام تر مالی مشکلات کے باوجود انہوں نے دن رات محنت کرکے بچوں کی ضروریات کو پورا کیا۔
جب ان کی عمر 70 سال سے زائد ہوئی تو پھر انہیں بڑے غم کا سامنا اس وقت ہوا جب ان کا سب سے بڑا بیٹا بیمار ہوکر انتقال کرگیا جبکہ بہو نے دوسری شادی کرلی اور اپنی بیٹی دادی کے پاس چھوڑ دی۔
انہوں نے پھر پوتی کی پرورش بھی تنہا کی اور برسوں بعد ان کی پوتی کا شوہر بھی اچانک بیمار ہوکر چل بسا۔
اب چیو چیاشی Nanchong میں اپنی پوتی کے ساتھ ایک 3 منزلہ گھر میں مقیم ہیں۔
جب ان کی عمر 100 سال کی ہوئی تھی تو ان کی بینائی اور سننے کی حس میں کمی آئی مگر ذہن بدستور جوانی کی طرح کام کرتا رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ Nanchong چین کا وہ خطہ ہے جہاں 960 افراد کی عمریں 100 سال یا اس سے زائد ہیں۔