Time 10 مارچ ، 2025
دلچسپ و عجیب

آخر کچھ افراد کو ہی اپنے خواب کیوں یاد رہتے ہیں؟ نئی تحقیق میں جواب سامنے آگیا

آخر کچھ افراد کو ہی اپنے خواب کیوں یاد رہتے ہیں؟ نئی تحقیق میں جواب سامنے آگیا
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

کیا آپ کبھی صبح کسی خواب کی واضح تفصیلات کے ساتھ بیدار ہوئے جو چند منٹ بعد ذہن سے غائب ہوگئیں؟ یا خواب کے بارے میں بمشکل ہی کچھ یاد ہو؟

ویسے تو کچھ افراد ہر صبح خوابوں کے کچھ حصوں کو یاد رکھ لیتے ہیں مگر بیشتر کو نیند کے دوران دیکھے گئے خوابوں کے بارے میں کچھ یاد نہیں ہوتا۔

تو سوال یہ ہے کہ کچھ افراد کو اپنے خواب کیوں یاد رہتے ہیں اور دیگر کو کیوں نہیں یاد رہتے؟

دہائیوں سے سائنسدان اس سوال کا جواب جاننے کی کوشش کر رہے ہیں اور اب ایک نئی تحقیق میں اس کا ممکنہ جواب سامنے آیا ہے۔

اٹلی کے آئی ایم ٹی اسکول فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز لوکا کی تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ کونسے عناصر ہیں جو خوابوں کو یاد رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں 18 سے 70 کی عمر کے 200 افراد کو شامل کیا گیا۔

ہر فرد کو 15 دن تک اپنے خواب روزانہ ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی اوراس مقصد کے لیے وائس ریکارڈرز کا استعمال ان کے بیدار ہوتے ہی کیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ ان افراد کو نیند مانیٹر کرنے والی اسمارٹ واچز بھی پہنائی گئیں تاکہ ان کے نیند کے معیار کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خوابوں کے یاد رکھنے کے حوالے سے انفرادی طور پر ہر فرد کا ذہن مختلف انداز سے کام کرتا ہے۔

کچھ افراد خواب کی واضح یادوں کے ساتھ بیدار ہوتے ہیں جبکہ متعدد ایسے ہوتے ہیں جن کو یہ تو یاد ہوتا ہے کہ انہوں نے خواب دیکھا ہے مگر اس کے بارے میں مزید کچھ یاد نہیں ہوتا، ایسے خوابوں کے لیے وائٹ ڈریمز کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

ان نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے محققین نے بتایا کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ کچھ افراد کو خوابوں کو یاد رکھنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پہلی چیز خوابوں کے حوالے سے لوگوں کا رویہ ہوتا ہے، یعنی جو افراد خوابوں کے حوالے سے مثبت سوچ رکھتے ہیں یا خیالی پلاؤ پکانے کے عادی ہوتے ہیں، انہیں خوابوں کی تفصیلات دہرانے میں زیادہ مسائل کا سامنا نہیں ہوتا۔

اسی طرح نیند کی عادات بھی خوابوں کو یاد رکھنے کے لیے اہم ہوتی ہیں جن افراد کی ہلکی نیند کا دورانیہ طویل ہوتا ہے، ان کی جانب سے خوابوں کو یاد رکھنے کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق عمر بھی ایک اہم عنصر ہے اور عمر میں اضافے کے ساتھ لوگوں کو خوابوں کی تفصیلات یاد رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمی حالات بھی اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

محققین نے کہا کہ اگر تمام عناصر کو مدنظر رکھا جائے تو اس سے عندیہ ملتا ہے کہ خوابوں کو یاد رکھنے میں مختلف عناصر کردار ادا کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کچھ افراد کو اپنے خواب یاد رہتے ہیں جبکہ دیگر کو نہیں۔

مزید خبریں :