01 مارچ ، 2012
کراچی… مختلف سیاسی، سماجی رہنماوٴں کی جانب سے نوابشاہ میں جیو نیوز کی وین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہ نماوں نے نواب شاہ میں جیونیوز کی وین پر حملے کو آزادی اظہا ر رائے پر حملہ قرا ر دیا ہے۔ اسفندیا ر ولی نے حملہ کی مذمت کی ، اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر افراسیاب خٹک نے جیونیوز پر حملہ آزاد ی اظہار رائے پر قدغن کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے بھی حملہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتار ی کا مطالبہ کیاہے۔مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر امیر مقام نے حملے کو بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔ امیر مقام نے حملہ کی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ادھر کوئٹہ میں جیونیوز سے بات کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی جانب سے نواب شاہ میں جیو نیوز کی سیٹلائیٹ وین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا عوام اور سیاسی جماعتوں کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے،نیشنل پارٹی کے صدرڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،صدر جمہوری وطن پارٹی نوابزادہ طلال اکبر بگٹی ،سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن علی احمد کرد،کی جانب سے نواب شاہ میں جیو نیوز کی سیٹلائٹ گاڑی پر حملے اور اسے نذرآتش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے الیکٹرونک میڈیا کی آزادی پر گہری ضرب قرار دیا ۔