02 مارچ ، 2013
کراچی … سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا، سپریم کورٹ نے کراچی میں حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ دیا تھا، آبزرویشن نہیں۔ سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی کیس میں 27 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں جسٹس خلجی عارف حسین کا 6 صفحات کا اضافی نوٹ اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کا 28 نومبر کا بیان بھی شامل ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے عدالتی کے فیصلے پرعملدرآمد نہیں کیا، سپریم کورٹ نے کراچی کی حلقہ بندیاں کرانیکا فیصلہ دیا تھا آبزرویشن نہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 51 کی سب سیکشن 2 قومی اسمبلی کی نشستیں مختص کرنے سے متعلق ہے، الیکشن کمیشن کئی میٹنگز کے باوجود سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کراسکا۔ تحریری حکم کے مطابق حلقہ بندی سے متعلق ڈاکٹر فروغ نسیم نے اپنی درخواست پر زور نہیں دیا، جس پر ایم کیو ایم کی نظرثانی کی درخواست مسترد کردی گئی جبکہ مہاجر قومی موومنٹ کی درخواست عدم پیروی پر مسترد کی گئی۔