Time 31 جنوری ، 2025
پاکستان

یورپی منڈیوں تک پاکستانی برآمدات کی رسائی انسانی حقوق پرپیشرفت سے مشروط ہوگی، یورپی یونین

یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق اولاف اسکوگ کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایاکہ یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائےانسانی حقوق  ایک ہفتے کیلئے پاکستان آئے، مشن کامقصد انسانی حقوق اور مزدور حقوق کے مسائل پر پاکستان کے ساتھ گفتگو کرنا تھا۔

ترجمان نے بتایاکہ سفیراولاف اسکوگ وفاقی اورصوبائی وزرا، فوجی قیادت، انسانی حقوق کے مدافعین سےملے۔

پاکستان کا جی ایس پی پلس میں سب سے بڑا فائدہ اٹھانے والا ملک بننا خوش آئند قرار دیا اور سفیر اولاف اسکوگ نے مشترکہ اقدار پر مبنی تعلقات پر زور دیا اور انسانی حقوق کو یقینی بنانے کی اہمیت کو نمایاں کیا۔

ترجمان یورپی یونین کا کہنا تھاکہ بلاتفریق مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔

ترجمان نے بتایاکہ نمائندہ خصوصی لاہور میں اہم اسٹیک ہولڈرز سے ملے اور اقلیتوں کےحقوق کی حفاظت پربات کی، انہوں نے پاکستانی حکام پرزور دیا کہ متعلقہ بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری یقینی بنائیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  یورپی یونین کے نمائندے نے پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں آزادی اظہار، میڈیا کی آزادی، فئیر ٹرائل کا حق اور جبری گمشدگیوں سمیت دیگر امور پر بات کی، ان ملاقاتوں میں توہین مذہب کے قوانین، خواتین کے حقوق، مذہب کی جبری تبدیلی پر بھی بات کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یورپی منڈیوں تک پاکستانی برآمدات کی رسائی انسانی حقوق پر پاکستان کی پیش رفت سے مشروط ہو گی اور پاکستان یورپی یونین کے نئے ضوابط کے تحت جی ایس پی پلس کی نئی درخواست جمع کرائے گا۔

مزید خبریں :