Time 09 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

مریخ اور چاند کی قربت کا مسحور کن نظارہ آج رات دیکھنا مت بھولیں

مریخ اور چاند کی قربت کا مسحور کن نظارہ آج رات دیکھنا مت بھولیں
آپ آسانی سے مریخ کو چاند کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں / اسکرین شاٹ

9 فروری (یعنی آج) آپ کو آسمان پر ایک مسحور کر دینے والا نظارہ چاند کے طلوع ہونے کے بعد نظر آئے گا۔

جب لگ بھگ مکمل چاند 9 فروری کی شام کو طلوع ہوگا تو ہمارا پڑوسی سرخ سیارہ یعنی مریخ اس کے بالکل نیچے نظر آئے گا۔

درحقیقت مریخ کو دیکھنے کے لیے دوربین کی بھی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ آنکھوں سے ہی اسے دیکھنا ممکن ہوگا۔

مریخ چاند کے جنوبی کونے کی جانب سے جھانکتا ہوا نظر آئے گا۔

اگر آپ روزانہ رات کو چاند کو دیکھیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ وہ اپنی پوزیشن مسلسل بدلتا رہتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ہر ماہ آسمان پر اپنے چکر کے دوران وہ اکثر مختلف سیاروں کے قریب پہنچ جاتا ہے یا ایسا ہمیں محسود ہوتا ہے۔

9 فروری کی شب مریخ اور چاند بہت زیادہ قریب ہوں گے یا کم از کم محسوس ہوں گے، حقیقت میں دونوں کے درمیان بہت زیادہ فاصلہ ہوگا۔

مریخ 9 فروری کی شب 12 بجے کے قریب چاند کے جنوب میں واضح نظر آئے گا اور آپ کو لگے گا کہ وہ اکٹھے ہیں یا یوں کہہ لیں کہ آپ چاند اور مریخ کو کیمرے کے ایک فریم میں محفوظ کرسکیں گے۔

مکمل چاند کی رات 12 فروری کو ہے مگر 9 فروری کو بھی چاند کافی بڑا اور روشن نظر آئے گا جبکہ مریخ بھی ابھی اپنے مدار میں زمین کے کافی قریب ہے تو چاند کے پیچھے کافی نمایاں نظر آئے گا۔

ویسے تو آپ کھلی آنکھ سے بھی دونوں کی قربت کا نظارہ دیکھ سکتے ہیں مگر ٹیلی اسکوپ سے یہ نظارہ زیادہ مسحور کن محسوس ہوگا۔

عام دوربین سے بھی آپ چاند اور مریخ کا اچھا نظارہ دیکھ سکتے ہیں۔

مزید خبریں :