04 مارچ ، 2013
چترال … وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی نے چترال ایئرپورٹ کے احاطے میں ڈپٹی کمشنرکے گھر کی تعمیر کی انکوائری رپورٹ 14 دنوں میں طلب کرلی۔ چترال کے ڈپٹی کمشنرکی جانب سے ایئرپورٹ کے احاطے میں ذاتی گھر کی غیرقانونی تعمیر کی تحریری شکایت پر اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس ہوم سیکریٹری محمداعظم خان کی زیر صدارت پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں محکمہ دفاع کے ایئر کموڈور محمد ضیاء اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندے عبیدالرحمان عباسی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ ہوم سیکریٹری نے اجلاس کو بتایاکہ حکومت نے ڈی سی چترال کے اس غیرقانونی اقدامات کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اوراس حوالے سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی چترال جاکر 14 دنوں میں انکوائری رپورٹ مکمل کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔