05 مارچ ، 2013
لاہور…پیپلزپارٹی بلوچستان کے سابق صدر لشکری رئیسانی سمیت 22رکنی وفد نے جاتی عمرہ رائے ونڈمیں مسلم لیگ ن کے صدرمحمد نواز شریف سے ملاقات کی ہے،جس میں انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے،ملاقات کے بعد میاں نواز شریف نے کہا کہ میں لشکری رئیسانی سمیت وفدمیں شامل تمام کا شکر گزار ہوں جو یہ یہاں تشریف لائے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کوجڑسے اکھاڑنے کیلئے متحدہوکرعملی اقدامات کرناہونگے،آج ہم ڈکٹیٹروں کی بوئی ہوئی فصل کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام نے جان و مال کے تحفظ کا مینڈیٹ دیا تھا، لہو بہانے کا نہیں ،حکومتی رویوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔آج ہر پاکستانی ان دہشتگردی کے واقعات پر افسردہ اور غمگین ہے،موجودہ حکمرانوں کی رٹ ختم ہو چکی ہے ۔کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہو ئے صدر مسلم لیگ(ن)نواز شریف نے کہا کہ کراچی میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام جاری ہے،کوئی روکنے والا نہیں ،کراچی میں جلتی عمارتوں کامنظر پوری قوم نے دیکھا، حکمرانوں کو نظر نہ آیا،قوم اپنی آنکھیں کھولے ،ایسے واقعات پھر ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس خود کہہ چکے ہیں کراچی کی کچھ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں ، کیا ایسی سیاسی جماعتوں کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی، کراچی کے شہری ایسی سیاسی جماعتوں سے عسکری ونگز سے متعلق پوچھیں ۔ لشکری رئیسانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ بلوچستان کوسیاسی بحران کاسامنا ہے،کے مسائل کو جمہوری انداز میں حل کیا جا سکتا ہے, جمہوری وپارلیمانی نظام کے ذریعے بلوچستان کو بحرانوں سے نکالاجاسکتا ہے اور دنیا میں صرف جمہوری اورپارلیمانی انداز نے بحران ختم کیے اسی سوچ کے تحت مسلم لیگ (ن)کے پلیٹ فارم سے اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا، میں اور میرے ساتھی نواز شریف پر مکمل اعتماد کرتے ہیں ۔