20 فروری ، 2025
اسلام آباد: صدر سپریم کورٹ بار کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی آج اپوزیشن کے 7 رکنی وفد سے بھی ملیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے وفد کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد صدر سپریم کورٹ بار میاں رؤف عطا نے بتایا کہ چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات کے تناظر میں ملے ہیں، چیف جسٹس نے بتایا کہ وہ کل (آج) اپوزیشن کے 7 رکنی وفد سے بھی ملیں گے۔
صدر سپریم کورٹ بار کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل رہےہیں، سپریم کورٹ بار نے اصلاحات کے عمل میں چیف جسٹس کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
صدرسپریم کورٹ بار نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی میں تعاون کے لیے چیف جسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، چیف جسٹس نے اپوزیشن سےبھی فراہمی انصاف سے متعلق تجاویز طلب کی ہیں۔