22 فروری ، 2025
سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان سارو گنگولی جمعرات کو ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے جب ان کی کار مغربی بنگال میں درگاپور ایکسپریس وے پر معمولی حادثےکا شکار ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ دنتن پور کے مقام پر پیش آیا،جب سارو گنگولی ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ٹرک نے اچانک سارو گنگولی کے قافلے کو اوور ٹیک کیا، جس کی وجہ سے ان کے ڈرائیور کو فوری بریک لگانی پڑی۔ اس کے نتیجے میں سارو گنگولی کی گاڑی کے پیچھے چلنے والی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور ان میں سے ایک گاڑی سابق کپتان کی کار سے جا ٹکرائی۔
خوش قسمتی سے، اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ تاہم، سارو گنگولی کے قافلے میں شامل 2 گاڑیوں کو معمولی نقصان پہنچا۔