Time 28 فروری ، 2025
جرائم

مصطفٰی عامر قتل کیس: ملزم کے گھر سے کرپٹو کرنسی کی اربوں روپے مالیت کی 2 مائنگ مشینیں برآمد

مصطفٰی عامر قتل کیس: ملزم کے گھر سے کرپٹو کرنسی کی اربوں روپے مالیت کی 2 مائنگ مشینیں برآمد
فوٹو: اسکرین گریب/ فائل

کراچی: مصطفٰی عامر قتل کیس میں مرکزی ملزم ارمغان سے متعلق تفتیش میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم کے ڈیفنس کےگھر سے کرپٹو کرنسی کی 2 مائنگ مشینیں برآمد ہوئی ہیں، برآمد دونوں مشینوں کی پاکستان میں مالیت 2 ارب روپے سے زائد ہے۔

حکام کے مطابق ملزم غیر قانونی کال سینٹر کی کمائی کو امریکا میں کزن کو بھیجتا تھا، ملزم کا کزن امریکی ڈالرکا ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈر ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم کا کزن تمام رقم ملزم کےکرپٹو کرنسی کے اکاؤنٹ میں بھیجتا تھا، دھوکے بازی سے کمائی گئی رقم سے ملزم کرپٹو کرنسی خریدتا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملزم ارمغان کے متعدد مرچنٹ اکاؤنٹس ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق یہ اکاؤنٹس جعل سازی سے حاصل رقم کی منتقلی کے لیے استعمال ہوتے تھے جب کہ ارمغان جعل سازی سے حاصل شدہ رقم کو ڈیجیٹل کرنسی میں منتقل کرتا تھا۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ 2017 سے ملزم نے جعل سازی سے حاصل ملین ڈالرزکی رقم ڈیجیٹل کرنسی میں تبدیل کی، جعل سازی سےحاصل رقم ڈیجیٹل اے ٹی ایم میں براہ راست منتقل کی جاتی تھی، ارمغان کی ڈیجیٹل کرنسی میں تبدیل کردہ رقم کے شواہد حاصل کرنا ممکن نہیں ہیں۔


مزید خبریں :