01 مارچ ، 2025
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو جلد ہی ایک اہم ذمہ داری ملنے جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔
خیال رہےکہ اس وقت سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا ایشین کرکٹ کونسل کے عبوری صدر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امکان ہےکہ چیئرمین پی سی بی آنے والے دنوں میں شیڈول ایشین کرکٹ کونسل کی جنرل کونسل میٹنگ میں نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
واضح رہےکہ محسن نقوی کے پاس اس وقت پی سی بی کی چیئرمین شپ کے علاوہ وفاقی وزارت داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول کی ذمہ داری بھی ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جنرل کونسل میٹنگ میں مستقل صدر کی تقرری کے علاوہ رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کے حتمی وینیو پر بھی غور ہوگا جو کہ بھارت میں شیڈول ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کروائے جانے کا امکان ہے، اے سی سی حکام ایشیا کپ سری لنکا یا متحدہ عرب امارات میں کرانے پر غور کر رہے ہیں، تاہم ایونٹ کی میزبانی بی سی سی آئی کے پاس ہی رہے گی۔
اس مرتبہ ایشیا کپ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائےگا، رواں سال ہونے والے ایشیاکپ میں 19 میچز کھیلے جائیں گے، ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت سمیت 8 ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان، عمان، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔