پاکستان
06 مارچ ، 2013

ایم کیو ایم کا دہشت گردی کے خلاف پرامن احتجاجی تحریک کا اعلان

ایم کیو ایم کا دہشت گردی کے خلاف پرامن احتجاجی تحریک کا اعلان

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ نے سانحہ عباس ٹاوٴن میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری تک سندھ بالخصوص کراچی میں پرامن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سانحے کے ذمہ دار دہشت گردوں کی گرفتاری تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند رکھی جائیں گی۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا ہے کہ چند لوگوں کو گرفتار کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے، تین روز گزر گئے مگر ذمہ دار دہشت گرد گرفتار نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے سانحہ عباس ٹاوٴن کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے تین روز میں ذمہ داروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ رضاہارون نے کہا کہ ایم کیو ایم پرامن احتجاج کا حق رکھتی ہے۔انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ دہشت گردوں کی گرفتاری تک کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھی جائے اس دوران سیاسی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحے میں 50افرد جاں بحق اور 150کے قریب زخمی ہوئے جن سے ہمدردی کرنے کے بجائے حکومت کی جانب سے محض سیاست چمکائی جارہی ہے، عوام جانتے ہیں کہ اس سانحے میں کون عناصر ملوث ہیں، ان کے ٹھکانے کہاں کہاں ہیں مگر ان سفاک دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کر کے یہ ثابت ہوگیا کہ حکومت ان کے خلاف کارروائی کرنا ہی نہیں چاہتی۔ رضا ہارون نے کہا کہ اس سانحے سے ثابت ہوگیا کہ شہری گھروں میں محفوظ نہیں اور دہشت گرد کھلے عام پھر رہے ہیں، آج تک نہ ہی سانحہ عباس ٹاوٴن کے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، نہ ہی زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کی گئی۔ حکومت کی جانب سے عباس ٹاوٴن کا دورہ کرکے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی تک نہیں کیا گیا۔ اس سے یہ بات صاف ظاہر ہے کہ حکومت کراچی کے شہریوں کے زخموں پر مرہم تک نہیں رکھ سکتی۔ کراچی کے لوگ آخر کب تک اپنے پیاروں کے جنازے اٹھاتے رہیں گے۔ ان حالات میں سانحہ عباس ٹاوٴن کے ذمہ دار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے ایم کیو ایم کے پاس پر امن احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں طویل صلاح و مشورے کے بعد سندھ بھر بالخصوص کراچی میں پرامن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت جب تک سانحے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا تمام کاروباری سرگرمیاں بند رکھی جائیں گی، یہ پرامن احتجاج جاری رہے گا۔

مزید خبریں :