Time 16 مارچ ، 2025
پاکستان

دہشتگردی پر جو پروپیگنڈا بھارت کررہا ہے وہ ایک سیاسی جماعت بھی کر رہی ہے: رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہےکہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں را ملوث ہے، دہشت گردی پر جو پروپیگنڈا بھارت کررہا ہے وہ ایک مخصوص سیاسی جماعت بھی کر رہی ہے۔

 فیصل آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ  نےکہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را  تمام دہشت گردوں کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہے، دہشت گردوں کو اکٹھا کرنے والی را ہے، فنڈنگ بھی را کر رہی ہے، دہشت گردی کی کارروائیوں میں را کا ہاتھ ہے۔

رانا ثنا اللہ نےکہا کہ دہشت گردی پر جو پروپیگنڈا بھارت کر رہا ہے وہ ایک مخصوص سیاسی جماعت بھی کر رہی ہے، دہشت گردوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائےگی۔

 رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ  دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ہونا افسوس ناک ہے، افغان حکومت کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی، قومی وقار اور سلامتی کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوئی بڑا آپریشن نہیں ہو رہا، بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہو رہے ہیں،گرینڈ آپریشن کی کیا ضرورت ہے؟ دہشت گردوں کو جہنم واصل بھی کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :