08 مارچ ، 2013
کراچی …سانحہ عباس ٹاون کے سلسلے میں ملک بھر میں یوم وفا منایا گیا ،اسی سلسلے میں شیعہ قومی محا ذ کی جانب سے نمائش چورنگی کراچی سے ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین، مرد اور بچوں نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے عباس ٹاوٴن متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ریلی میں فرقہ واریت کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ شہر میں شیعہ ، سنی فساد کرنے کی سازش ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے حکومت مطالبہ کیا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا۔ شرکاء نے نمائش چورنگی سے سی بریز اسپتال اوربھر دوبارہ نمائش چورنگی تک ریلی نکالی،بعد ازاں شرکاء پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر کراچی میں سانحہ عباس ٹاوٴن میں ہونیوالی بدترین دہشت گردی کی واردات اور حکومتی بے حسی کے خلاف ملک بھر میں شہداء اور وطن کے ساتھ عہد وفا کے لیے یوم وفا منایا گیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں پْرامن مظاہرے کیے گئے۔ ملتان میں امام بارگاہ شاہ گردیز سے گھنٹہ گھر چوک جبکہ ڈیرہ غازی خان میں امام بارگاہ رضویہ سے سی آئی اے اسٹاپ تک امن واک کی گئی۔سرگودھا میں مرکزی امام بارگاہ کے باہرمظاہرہ کیاگیا۔ شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ عباس ٹاوٴن کے شہداء اور وطن سے عہدوفا کے نعرے درج تھے۔ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی سانحہ عباس ٹاوٴن کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ بدین میں ایوان صحافت کے سامنے احتجاج کیاگیا۔سکھرمیں حیدری مسجدسے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔نواب شاہ میں شیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت مسلمین نے امام بارگاہ مرتضوی سے پریس کلب تک احتجاجی جلوس نکالا۔ کوہاٹ میں بھی سانحہ عباس ٹاوٴن کے خلاف قومی امام بارگاہ کے باہر نماز جمعہ کے بعد احتجاج ہوا جس میں شرکا نے دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اورسخت خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔