08 اپریل ، 2025
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے آسٹریلوی شہر سڈنی جانے والی پرواز کو اس وقت خطرے کا سامنا کرنا پڑا جب ایک مسافر نے دوران پرواز جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سڈنی ائیرپورٹ پر 46 سالہ اردنی شہری نے گزشتہ اتوار کو طیارے کا دروازہ کھولنے کی دوبار کوشش کی اور روکے جانے پر کیبن کریو کے ایک رکن پر حملہ بھی کیا۔
سڈنی پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے دوران پرواز پہلے ہوائی جہاز کے پچھلے ایمرجنسی ایگزٹ ڈور کو کھولنے کی کوشش کی جس پر عملے کی جانب سے مذکورہ شخص کو ائیر لائن کی درمیانی سیٹ پر بٹھادیا گیا۔
تاہم، ایک بار پھر مسافر نے طیارے کا سینٹرل دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور جب اس شخص کو عملے اور مسافروں کی جانب سے روکا گیا تو اس دوران اس نے مبینہ طور پر ائیر لائن کے عملے کے ایک رکن پر بھی حملہ کیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مذکورہ شخص پر طیارے میں موجود مسافروں کی حفاظت کو دو مرتبہ خطرے میں ڈالنے اور ایک مرتبہ حملے کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ، ملزم کو ہر جرم میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔