09 مارچ ، 2013
لندن … ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ لاہور میں مسیحی آبادی پر حملہ اور مکانات کو نذرآتش کرنے کا واقعہ پاکستان کے ماتھے پربدنما داغ کے مترادف ہے ۔ لندن سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سوال کیا کہ جب مسیحی بستی پر دن دہاڑے یلغار کی گئی اور 100 سے زائد مکانات کو نذر آتش کیا گیا اس وقت پنجاب کے حکمران، انتظامیہ اورپولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے کیا کررہے تھے ؟،آخر حملہ آوروں کو روکا کیوں نہ گیا؟اسلام امن کادرس دیتاہے اور جو کچھ لاہورمیں کیا گیا وہ اسلامی تعلیمات کے صریحاً منافی ہے۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیا جو لوگ بھی اس وحشیانہ واقعے میں ملوث ہیں انہیں گرفتار کرکے آئین و قانون کے تحت بھرپور سزا د ی جائے اور مسیحی برادری سمیت ملک کی تمام مذہبی اقلیتوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے اور متاثرہ مسیحی برادری کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور سرکاری خرچ پر ان کی املاک کی ازسرنو تعمیر کی جائے۔