Time 25 اپریل ، 2025
پاکستان

امریکی ناظم الامور کا دورہ کراچی، وزیراعلیٰ سندھ اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں

امریکی ناظم الامور کا دورہ کراچی، وزیراعلیٰ سندھ اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں
امریکا کیلئے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری نہایت اہمیت کی حامل ہے، امریکی ناظم الامور— فوٹو: سوشل میڈیا

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کراچی کا دورہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار سے جڑے شعبوں میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کے حوالے سے ملاقاتیں کیں۔ 

تفصیلات کے مطابق امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے 23 سے 24 اپریل کو کراچی کا دورہ کیا جس کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینا اور کاروباری شراکت داریوں کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

اپنے دورے کے دوران امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی اہم کاروباری کمپنیوں کے  عہدیداران سے ملاقات کی، اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے کہا کہ امریکا کے لیے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری نہایت اہمیت کی حامل ہے اور ہم ترقی و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں۔

امریکی ناظم الامور نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر صوبائی حکام سے بھی ملاقات کی جس میں اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے موجود مواقع پر گفتگو ہوئی۔ 

دونوں فریقین کی ملاقات میں باہمی تجارت، توانائی کے شعبے میں تعاون اور سائنس و ٹیکنالوجی میں جدت لانے پر زور دیا گیا۔

امریکن بزنس کونسل کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو پاکستان کے بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے اور اس کی برآمدی صلاحیت پر مرکوز رہی۔ امریکی ناظم الامور نے کہا کہ ہماری مشترکہ خوشحالی آزاد، خودمختار اور مسابقتی اصولوں پر مبنی تجارتی منڈیوں پر منحصر ہے جہاں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کسی رکاوٹ کے بغیر ترقی کرسکیں۔

مزید خبریں :