12 مارچ ، 2013
کراچی …جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ روزانہ لاشیں گر رہی ہیں، امن کیلئے ضروری ہے کہ دہشتگردوں کو ووٹ نہ دیا جائے۔ادارہ نوحق کراچی میں کے ای ایس سی لیبر یونین کے تحت ہونے والے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ کے ای ایس سی کے ملازمین نے ظلم اور استحصال کے خلاف طویل جدوجہد کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ای ایس سی کے ملازمین کے ساتھ ہے اور ان پر روا رکھے جانے والے ظلم کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام ظلم اور استحصال پرمبنی ہے اوریہی نظام مزدوروں کا استحصال کررہا ہے مگر اب یہ نظام دم توڑ رہا ہے‘ ہم عدل و انصاف کا نظام چاہتے ہیں جو شریعت کی تعلیمات پرمبنی ہے‘ نبی کریمﷺکا اسوہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔