پاکستان
13 مارچ ، 2013

دادو میں گاج ڈیم کی فزی بلٹی مکمل ،صدر زرداری سنگ بنیاد رکھیں گے

دادو میں گاج ڈیم کی فزی بلٹی مکمل ،صدر زرداری سنگ بنیاد رکھیں گے

دادو…ضلع دادو میں گاج ڈیم کی فزی بلیٹی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ صدر زرداری ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے،جس میں برساتی پانی ذخیرہ کیا جائے گا۔ کیر تھر کے پہاڑی سلسلوں میں بارشوں کے بعد بہہ جانیوالے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے ضلع دادو کی گاج ندی پر ڈیم بنانے کا تصور محترمہ بینظیر بھٹو نے 1988 میں اپنے پہلے دور حکومت میں دیا تھا۔ محترمہ کے دونوں ادوار میں گاج ڈیم کا معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔ سال 2012 کے اختتام پر صدرآصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات کے مطابق گاج ڈیم کی فزی بلیٹی کا کام مکمل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گاج ڈیم کا سنگ بنیاد خود صدر زرداری رکھیں گے۔ ڈیم کو گاج ندی کے زیرو پوائنٹ پر تعمیر کیا جائے گا۔ ڈیم پر 33 ارب روپے سے زائد رقم کی لاگت آئے گی۔ سطح زمین سے ڈیم کی بلندی 194فٹ رکھی گئی ہے جس میں تین لاکھ ایکڑ فٹ پانی کا ذخیرہ کیا جاسکے گا، ڈیم سے 4اعشاریہ 2 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی،پروجیکٹ 3 سال میں مکمل ہوگا، ڈیم میں ذخیرہ ہونیوالے پانی سے 7 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی پر کاشت بھی کی جاسکے گی۔ ڈیم کی تعمیر کے دوران ضلع دادو کے 4 ہزار 525 افراد کو زورگار کے مواقع میسر ہوں گے،واپڈا کی ٹیکنیکل ٹیم کے مطابق گاج ڈیم کی تکمیل کے بعد حکومتی خزانے میں ہر سال تین ارب روپے سے زائد رقم کا اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں :