13 مارچ ، 2013
کوئٹہ … بلوچستان میں گورنر راج کی میعاد آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی، قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پارلیمنٹ سے گورنر راج میں توسیع کی منظوری نہ لی گئی تو نواب اسلم رئیسانی کی مخلوط حکومت خود بخود بحال ہو جائے گی۔ بلوچستان میں 13 جنوری کی شب سانحہ علمدار روڈ کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے 2 ماہ کیلئے گورنر راج کا نفاذ کیا گیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کی سربراہی میں قائم مخلوط حکومت کو معزول کردیا گیاتھا۔ بلوچستان میں گورنر راج کی معیاد آج 12 بارہ بجے مکمل ہوجائے گی۔ قانونی ماہرین اور سیاسی رہنماوٴں کا کہنا ہے کہ اگر آج رات 12 بجے تک پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ذریعے گورنر راج کی میعاد میں توسیع نہ کی گئی تو رئیسانی حکومت بحال ہوجائے گی جبکہ بلوچستان اسمبلی کی معیاد 5 اپریل کو رات 12 بجے پوری ہوگی۔ وفاقی وزیر اسرار اللہ زہری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی اسلم رئیسانی بطور قائد ایوان کریں گے جبکہ بلوچستان اسمبلی 16 مارچ یا 6 اپریل کو تحلیل کرنے کافیصلہ بھی اسلم رئیسانی ہی کریں گے۔ دوسری جانب جمعیت علماء اسلام ف بھی بلوچستان حکومت میں رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ کل اسلام آباد میں نواب اسلم رئیسانی سے ملاقات کے بعد کرے گی۔