13 مارچ ، 2013
لندن … یورپ کے مختلف ملکوں میں شدید برف باری سے معمولات ِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں، جرمنی میں 100 سے زائد گاڑیاں ٹکرانے سے کئی افراد زخمی ہو گئے، برطانیہ میں ٹرین سروس معطل اور پروازیں منسوخ ہونے سے لاکھوں افراد کو پریشانی کا سامنا ہے۔ جرمنی میں فرینکفرٹ کے علاقے میوزنبرگ کے قریب ایک شاہراہ پر 100 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تاہم کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ جرمنی میں غیر متوقع شدید برفباری کے باعث فرینکفرٹ ایئرپورٹ بند کر دیا گیا ہے، زیر زمین ٹرینیں روک دی گئی ہیں اور فوج کو سڑکیں صاف کرنے میں مدد فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سڑکیں، ٹرینیں اور پروازیں بند ہونے سے لاکھوں افراد شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے لندن سے پیرس اور برسلز کے درمیان چلنے والی یورو اسٹار ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ جرمنی، برطانیہ اور بیلجیئم میں برف ہٹانے کاکام جاری ہے، اسکول بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں بچے گھروں مییں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔ ادھر روس کے دارالحکومت ماسکو میں مارچ کے مہینے میں برفباری کا پچاس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شدید برفباری کے بعد 15 ہزار مشینیں برف ہٹانے میں مصروف ہیں ۔ روسی محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید برف باری کے ساتھ درجہ حرارت منفی 20 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔