Time 26 مئی ، 2025
دنیا

سعودیہ اور یو اے ای میں عیدالاضحیٰ کب ہونے کا امکان ہے؟

سعودیہ اور یو اے ای میں عیدالاضحیٰ کب ہونے کا امکان ہے؟
ان پیشگوئیوں کے مطابق یوم عرفات پھر جمعرات 5 جون کو آئے گا__فوٹو: فائل

سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں کو ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے ہدایت جاری کردی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ منگل 29 ذی القعد یعنی 27 مئی کو ذی الحج کا چاند دیکھیں۔

رپورٹ کے مطابق اگر 27 مئی کو چاند نظر آیا تو ذی الحج کا آغاز 28 مئی کو ہوگا یعنی اس لحاظ سے عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو ہوگی۔

تاہم اگر منگل 27 مئی کو چاند نظر نہیں آیا تو یکم ذی الحج جمعرات کو ہوگی اور عیدالاضحیٰ کا پہلا دن ہفتہ 7 جون کو ہوگا۔

سعودی سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ اگر کسی کو براہ راست یا دوربین سے چاند نظر آئے تو قریبی عدالت سے رجوع کریں اور اپنی گواہی دیں یا قریبی مرکز سے رابطہ کریں تاکہ وہاں سے عدالت پہنچنےکے لیے مدد فراہم کی جائے گی۔

متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز (IAC) کے مطابق رواں ہفتے ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔

متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز  کے مطابق منگل 27 مئی کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان ہے،  بدھ 28 مئی نئے ہجری مہینے کا پہلا دن ہو گا اور عید الاضحیٰ 6 جون بروز جمعہ کو  ہوگی۔ 

ان پیشگوئیوں کے مطابق یوم عرفات پھر جمعرات 5 جون کو ہوگا۔

مزید خبریں :