Time 29 مئی ، 2025
پاکستان

پی ٹی آئی میں کشمکش ہے اور ورکرز میں لاوا پک رہا ہے، شوکت یوسفزئی

پی ٹی آئی میں کشمکش ہے اور ورکرز میں لاوا پک رہا ہے، شوکت یوسفزئی
بانی پی ٹی آئی سمجھوتا نہیں کریں گے لیکن بات تو سامنے آئے کہ انہیں کیوں اندر رکھا ہوا ہے: رہنما تحریک انصاف۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے ہماری اولین ترجیح بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنا ہے لیکن پارٹی ورکرز پریشان ہیں، لیڈرشپ کو ورکرز کو اعتماد میں لینا چاہیے اور واضح مؤقف کے ساتھ سامنے آنا چاہیے۔

جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا پارٹی میں کشمکش ہے اور ورکرز میں لاوا پک رہا ہے، پارٹی میں حکمت عملی کا فقدان نظر آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا پارٹی کی لیڈرشپ کو بانی پی ٹی آئی نے نامزد کیا ہے، فیصلہ پارٹی کی لیڈرشپ نے کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی سمجھوتا نہیں کریں گے لیکن بات تو سامنے آئے کہ انہیں کیوں اندر رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پُرامن تحریک ضرور کرنی چاہیے، حکومت کو ڈرایا نہیں جا سکتا ہے، اخلاقی طور پر حکومت پر دباؤ ڈالا جاتا ہے، پارٹی کی لیڈرشپ کو واضح مؤقف کے ساتھ سامنے آنا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنا ہے، ہماری پارٹی کے ورکرز صورتحال سے پریشان ہیں، لیڈرشپ کو چاہیے کہ ورکرز کو اعتماد میں لیں، اگر ورکرز خود نکلے تو مسائل ہو جائیں گے، ہمیں لمبے عرصے تک سیاسی تحریک چلانی چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا پارٹی کی قیادت اس وقت بیرسٹر گوہر کے پاس ہے، احتجاج کتنے دن کے لیے اور کیسے ہوگا یہ بات نہیں معلوم، ہم پُرامن لوگ ہیں، تحریک میں لیڈرشپ موجود ہو تو اچھا ہوگا۔

مزید خبریں :