13 مارچ ، 2013
اسلام آباد…پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ صدر کی منظوری کے بغیر الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی میں ترمیم نہیں کر سکتا،الیکشن کمیشن کے کاغذات نامزدگی کی کوئی آئینی حیثیت نہیں اور اس سے انتخابات میں تاخیر کا جواز پیدا ہو سکتا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزازا حسن کا کہنا تھا کہ ترمیمی کاغذات نامزدگی چھاپنے کے الیکشن کمیشن کے اقدام سے مشکلات پیدا ہوں گی اور اس سے انتخابات میں تاخیر کا جواز پیدا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کہا قدم بڑھاوٴ ہم تمہارے ساتھ ہیں مگر ایسے قدم نہیں بڑھائے جاسکتے کوئی ادارہ اس طرح کی ترغیب نہیں دے سکتا،، سب اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔