Time 30 مئی ، 2025
دنیا

امریکا کیساتھ جوہری معاہدہ نہ کیا تو اسرائیلی حملے کا خطرہ ہے، سعودیہ نے گزشتہ ماہ ایران کو پیغام پہنچایا

امریکا کیساتھ جوہری معاہدہ نہ کیا تو اسرائیلی حملے کا خطرہ ہے، سعودیہ نے گزشتہ ماہ ایران کو پیغام پہنچایا
گزشتہ ماہ سعودی وزیر دفاع نے دورہ تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو سعودی بادشاہ کا پیغام پہنچایا تھا— فوٹو: رائٹرز/ فائل

سعودی عرب کی جانب سے ایران کو خبردار کیا گیا تھا کہ ایران نے امریکا کے ساتھ جوہری معاہدہ نہ کیا تو اسے اسرائیل کے حملے کا خطرہ ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق خلیجی اور ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ ماہ سعودی وزیر دفاع کے دورہ تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو دو ٹوک پیغام پہنچایا تھا۔

سعودی عرب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ امریکا کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کو سنجیدگی سے لیا جائے، یہ اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خطرے سے بچنے کا راستہ ہے۔

ذرائع کے مطابق خطے میں مزید عدم استحکام کے خدشے کے باعث سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بیٹے اور وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے انتباہ کے پیغام کے ساتھ روانہ کیا تھا۔ 

ذرائع نے مزید بتایا کہ سعودی وزیر دفاع کے ساتھ 17 اپریل کو تہران کے صدارتی محل میں بند کمرہ اجلاس میں ایرانی صدر مسعود پیزشکیان، مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران اور سعودی عرب نے معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

مزید خبریں :