پاکستان
15 مارچ ، 2013

عوام برسوں صبرکرتے رہے، تھوڑا صبر اور کرلیں: الطاف حسین

 عوام برسوں صبرکرتے رہے، تھوڑا صبر اور کرلیں: الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ اگر صوبہ سندھ کے اعلیٰ مناصب کو ماضی کی طرح اردوبولنے والے سندھیوں کیلئے شجرممنوعہ بنایا گیا توپھر رابطہ کمیٹی اور اردوبولنے والے سندھی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں حق بجانب ہونگے۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص اردوبولنے والے سندھی عوام برسوں میری امن و صبر کی ہر اپیل پرلبیک کہتے ہوئے صبروتحمل سے کام لیتے رہے ہیں، وہ تھوڑا صبر اور کرلیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ اگر سندھ کی اسٹیبلشمنٹ اورقوم پرستوں کا رویہ نہ بدلا اور وہ بانیان پاکستان کی اولادوں کودوسرے اور تیسرے درجے کا شہری تصور کرکے انہیں فرزند زمین نہ ہونے کا طعنہ دیتے رہے، اگر اعلیٰ سطح کے مناصب کو ماضی کی طرح شجر ممنوعہ بنایاجاتا رہا تو پھر رابطہ کمیٹی اور اردوبولنے والے سندھی اپنے مستقبل کے حوالہ سے کوئی بھی فیصلہ کرنے میں حق بجانب ہونگے اورمیں رابطہ کمیٹی کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اس کی حمایت کروں گا۔

مزید خبریں :