پاکستان
15 مارچ ، 2013

دُہری شہریت پرپی پی رُکن قومی اسمبلی غلام مجتبیٰ کھرل نااہل قرار

دُہری شہریت پرپی پی رُکن قومی اسمبلی غلام مجتبیٰ کھرل نااہل قرار

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی رائے غلام مجتبیٰ کھرل کو کینیڈا کی شہریت رکھنے پر نااہل قراردے دیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ اسمبلی کا آج آخری دن ہے ، حکم جاری نہ کیا تو امتیازی سلوک ہو گا، الیکشن کمیشن رائے مجتبیٰ کھرل کی رکنیت کا نوٹی فی کیشن منسوخ کرے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دُہری شہریت کیس کی سماعت کی ، عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ غلام مجتبیٰ کھرل نے کینیڈا کی شہریت ترک کرنے کا سرٹیفیکیٹ جمع نہیں کرایا، وہ 2008 کا الیکشن لڑنے کے اہل نہ تھے، عدالت آرٹیکل 63 ون سی کی پہلے ہی وضاحت کر چکی ہے، عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ تین اکتوبر 2012 کو دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ کی خبر پر نوٹس لیا گیا، رائے مجتبیٰ کھرل نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی کی ، انہیں کینیڈا کی شہریت چھوڑنے کے لیے بار بار مہلت دی گئی، عدالت نے سیکرٹری قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ غلام مجتبیٰ کھرل سے ٹی اے ڈی اے سمیت تمام مراعات واپس لے کر عدالت کو رپورٹ دی جائے، الیکشن کمیشن سے 25 مارچ تک دُہری شہریت والے ارکان کی فہرست بھی طلب کر لی گئی۔

مزید خبریں :