15 مارچ ، 2013
کراچی…کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عباس ٹاوٴن کے قریب اقراء سٹی اور رابعہ فلاور بم دھماکے کے مقدمے میں گرفتارچھ ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔عباس ٹاوٴن کے قریب اقراء سٹی اور رابعہ فلاور بم دھماکیکے الزام میں گرفتار ملزمان خیر الدین،محمد اسحاق،انعام اللہ،محمد شفیق،عالم شیر محسود اور عرفان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جج خالدہ یاسین کے روبرو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ قتل،اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج اقراء سٹی اور رابعہ فلاور سٹی بم دھماکے کے مقدمے میں ملزمان کاریمانڈ دیاجائے۔ ملزمان نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ وہ وزیرستان،وانا اور ٹانک کے رہائشی ہیں اور کراچی میں روزگار کی غرض سے مقیم ہیں ۔عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست پر ملزمان کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔3 مارچ کو عباس ٹاوٴن کے قریب اقراء سٹی اور رابعہ فلاور سٹی دھماکے میں50افراد جاں بحق جبکہ 139 زخمی ہوگئے تھے۔ملزمان کو گزشتہ روز سرجانی ٹاوٴن خدا کی بستی سے گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ظاہر کر رہی ہے۔