15 مارچ ، 2013
اسلام آباد…چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت دُہری شہریت کیس میں رحمان ملک کے خلاف ریفرنس بھجوانے کا فیصلہ دے چکی ہے، ریفرنس نہ بھجوانے پر اعتراض ہے تو الگ پٹیشن دائر کی جا سکتی ہے، یوسف رضا گیلانی کے کیس میں بھی ایسا ہی ہوا اور وہ نا اہل ہوگئے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دُہری شہریت کیس کی سماعت کی، درخواست گزار محمود نقوی نے کہا کہ رحمان ملک نے 2008 میں انتخاب لڑتے وقت غلط حلف نامہ جمع کرایا ، اور دُہری شہریت کے باوجود خود کو انتخاب اہل بتایا، چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ عدالت اس پر پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کوئی وجہ بتائے بغیر چیئرمین سینیٹ نے رحمان ملک کے خلاف ریفرنس نہیں بھجوایا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو ریفرنس نہ بھجوانے پر اعتراض ہے تو الگ پٹیشن دائر کر سکتے ہیں، یوسف رضا گیلانی کے کیس میں بھی ایسا ہی ہوا، سزا ملنے پر نااہل نہیں ہوئے تو اسپیکر کی رولنگ کے خلاف درخواست پر نااہل قرار دیا گیا، مزید سماعت 26 مارچ کو کی جائے گی۔