15 مارچ ، 2013
پشاور…جمعیت العلمائے اسلام ف خیبر پختون خوا نے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے تین نکاتی فارمولا تیار کرلیا ہے۔ فارمولے کے تحت جو نشست جس پارٹی نے جیتی ہے اُسی کی کو ملے گی ۔مجوزہ فارمولا جلد ہی مسلم لیگ ن کو پیش کردیا جائے گا۔سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی خیبر پختون خوا عبدالجلیل جان نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے تین نکاتی فارمولا تیار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فارمولہ کے تحت جو نشست جس پارٹی نے جیتی ہے وہ اسے ہی ملے گی جبکہ جس نشست پر دونوں پارٹیوں کے اُمیدوار کامیاب نہیں ہوسکے وہاں دونوں پارٹیوں میں سے رنر اپ رہنے والی پارٹی کو نشست ملے گی۔ اور اگر کسی نشست پر دونوں پارٹیوں کانہ تو کامیاب اُمیدوار ہو اور نہ ہی رنراپ تو وہاں جس پارٹی کے اُمیدوار نے زیادہ ووٹ حاصل کیئے ہوں گے نشست اُسی پارٹی کودی جائے گی۔سیکریٹری اطلاعات جے یوآئی کے مطابق تین نکاتی فارمولا جلد ہی مسلم لیگ ن کو پیش کیا جائے گاجبکہ دوسری جانب سے پیش ہونے والے فارمولے کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔