15 مارچ ، 2013
اسلام آباد…پیپلزپارٹی شیر پاوٴگروپ کے سربراہ آفتاب شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر سیاست ہوتی نظر آ رہی ہے ۔اپوزیشن نے نگران وزیراعظم کے نام پر بامعنی مشاورت نہیں کی، تاہم اُن کے مجوزہ ناموں سے اتفاق کرتے ہیں۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آفتاب شیرپاوٴ کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں الیکشن کی فضا نہیں دیکھ رہے، نگران وزیراعظم کے معاملے پر رسہ کشی جاری ہے ، اور یہ فیصلہ الیکشن کمیشن میں ہی ہوتا نظر آ رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ دو ماہ میں انتخابات ہو جانے چاہئیں ورنہ وہ مزاحمت کریں گے۔ آفتاب شیر پاوٴنے کہا کہ موجودہ اسمبلی عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی، آخری دنوں میں کئی بل پاس کرکے تاثر دیا گیا کہ بہت قانون سازی کی گئی۔