02 مارچ ، 2012
کراچی … امیر جماعت اسلامی سیدمنورحسن کا کہناہے کہ صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کھوٹے سکہ کے دو رخ ہیں، جب تک اقتدارمیں رہیں گے مسائل میں اضافہ رہے گا۔ جماعت اسلامی کے تحت گلشن اقبال کراچی میں سید منور حسن کی زیرقیادت افغانستان میں اتحادی افواج کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مارچ کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب میں سید منور حسن نے کہا کہ امت مسلمہ کے پاس قرآن و سنت کا عالم گیر نظام ہے جس سے امریکا خوفزدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے سربراہ امریکی ایجنڈے پر کاربند ہیں جبکہ امت مسلمہ بیدار اور گو امریکا گو کے نعرے لگا رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سوشل ازم اور کمیونزم پہلے ہی تحلیل ہو چکا ہے اب سرمایہ دارانہ نظام بھی زوال پذیر ہے اور دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہے کہ جلد دنیا میں قرآن و سنت پر مبنی نظام رائج ہونے والا ہے۔