16 مارچ ، 2013
کراچی…مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ اگر سندھ میں غیر جانبدار وزیر اعلیٰ نہ آیا تو الیکشن شفاف نہ ہونگے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں مک مکا کی سیاست ہو رہی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران امتیاز شیخ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے ہم سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام تو لے لیے لیکن حکومت کو اپنی پسند کے نام دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں غیر جانبدار نگراں وزیراعلیٰ نہ آیا تو الیکشن شفاف نہیں ہوسکتے۔ امتیاز شیخ نے بیوروکریسی میں ہونے والی بھرتیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایک ہفتے سے تبادلے اور تقرریاں ہورہی ہیں اور سندھ سول سروسز ایکٹ کے نام پر خلافِ ضابطہ بھرتیاں کی گئی ہیں اور نئے 23 اسسٹنٹ کمشنر بھرتی کیے گئے۔انہوں نے سپریم کورٹ اور چیف الیکشن کمشنر سے سندھ میں صورتحال کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کی۔ امتیاز شیخ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے دو جزائر وفاق کے سپرد کرنا سندھ کے خلاف سازش ہے۔