02 مارچ ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے،ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے بوستان سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ضلع موسیٰ خیل کی سب تحصیل زمری میں نامعلوم افرادنے فائرنگ کر کے ایک شخص مرغائے کوقتل کردیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے یارو میں فائرنگ کے نتیجے ایک شخص ثناء اللہ جاں بحق ہوگیا۔ قلعہ عبداللہ کے علاقے بوستان سے ایک شخص کی لاش ملی جسے شناخت کیلئے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی سائرہ اور بھائی عبدالقادر کو زخمی کردیا جبکہ مستونگ کے قریب قومی شاہراہ پر کوئٹہ سے کراچی جانے والے کنٹینر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کلینر زخمی ہوگیا،جسے علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔