16 مارچ ، 2013
کوہستان … کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر بس کھائی میں گر نے سے پاک فوج کے 23 جوانوں سمیت 24 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، تمام میتوں کو گلگت منتقل کردیا گیا ہے۔ شاہراہ قراقرم پر خوفناک حادثہ پیش آیا، ثمر نالا کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے بس کھائی میں جاگری، بس میں 25 جوان اور 2 شہری، ڈرائیور اور کنڈیکٹر سوار تھے۔ حادثے میں بس کا ڈرائیور اور پاک فوج کے 23 جوان جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر شتیال اور چلاس اسپتال سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت منتقل کردیا گیا ہے، میتوں کی تدفین اتوار کو کی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے ناردرن لائٹ انفینٹری بٹالین کے جوانوں کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا، شہید ہونیوالوں میں لیفٹیننٹ کرنل اکرام بھی شامل ہیں۔ فوجی جوان چھٹی پر سوات سے گلگت جارہے تھے۔