17 مارچ ، 2013
اسلام آباد … وزارت پارلیمانی امور نے 5 سالہ مدت مکمل ہونے پر قومی اسمبلی کی تحلیل کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ، آج رات 12 بجے قومی اسمبلی تحلیل تصور ہو گی جبکہ وفاقی کابینہ کی تحلیل کا نوٹی فکیشن رات 12بجے جاری کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے جیو نیوز کو بتایا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کا نوٹی فکیشن وزارت پارلیمانی امور نے صدر زرداری کی منظوری کے بعد جاری کیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 52 کے تحت قومی اسمبلی مدت پوری ہونے پر رات 12 بجے تحلیل ہو جائے گی۔ نوٹی فکیشن کی کاپی سیکریٹری صدر مملکت، پرنسپل سیکریٹری وزیراعظم، سیکریٹری الیکشن کمیشن، سیکریٹری قومی اسمبلی، سیکریٹری سینیٹ، تما م وزارتوں، صوبائی چیف سیکریٹریز، اٹارنی جنرل پاکستان اور پرنسپل انفارمیشن افسران کو بھجوا دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی تحلیل کا نوٹی فکیشن آج رات 12 بجے جاری کیا جائے گا۔ وفاقی وزراء، وزرائے مملکت اور مشیران کے عہدے رات 12 بجے ختم ہو جائیں گے، وزیراعظم راجا پرویز اشرف نگراں وزیراعظم کے عہدہ سنبھالنے تک وزارت عظمی کے منصب پر فائز رہیں گے۔