02 مارچ ، 2012
پشاور … عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے سینیٹ انتخابات کا انعقاد پر کہا ہے کہ حکومت گرانے کی سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ ایک بیان میں اسفند یار ولی خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کا انعقاد پارلیمنٹ کی فتح اور جمہوریت کی جیت ہے اور حکمران جماعتوں کی بھرپور کامیابی نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ اسفند یار ولی خان نے مزید کہا کہ سینیٹ الیکشن سے پہلے پارلیمنٹ کے خلاف شروع کی گئی مہم سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نومنتخب سینیٹرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹرز اپنے عوام اور صوبے کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں۔