22 مارچ ، 2013
ینگون…میانمار میں ایک بار پھرفرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے ہیں اور تین روز سے جاری پر تشدد واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد20ہو گئی ہے جب کہ پانچ مساجد کو بھی شہید کردیا گیا ہے۔میانمار کے وسطی علاقے کا قصبے Meikhtila اس وقت تباہ حالی کی تصویر بنا ہوا ہے۔یہاں بدھ مت کے ماننے والوں اور مسلمانوں میں فسادات جاری ہیں۔ بدھ سے جاری لڑائی میں اب تک بیس افراد ہلاک اور تقریبا ڈیڑھ سو زخمی ہوچکے ہیں۔فسادیوں سے گھر بار محفوظ ہیں اور نہ عبادت گاہیں۔لوگ گھروں میں قید ہیں۔اب تک 5 مساجد کو شہید کیا جا چکا ہے جب کہ مشتعل افراد ریسکیو ورکرز کو متاثرہ علاقوں میں آگ بجھانے کیلیے جانے اور دیگر امدادی کارروائیوں سے روک رہے ہیں۔حکومت فسادات روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔صورتحال مزید بگڑنے سے روکنے کیلیے علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔گذشتہ سال بھی میانمار میں فسادت کے دوران دوسو مسلمان جاں بحق اور ایک لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے تھے۔