22 مارچ ، 2013
اسلام آباد … وقت کم رہ گیاہے اور مقابلہ سخت ہے، نگراں وزیراعظم کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ایک بار پھر رات 9 بجے ہوگا اور اگر رات 12بجے تک فیصلہ نہ ہوا تو وہی ہوگا جو الیکشن کمیشن چاہے گا۔ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس مسلم لیگ ن کے سردار یعقوب ناصر کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوا۔ نماز جمعہ کا وقفہ ہوا تو ن لیگ کے سینئر رہنما چوہدری نثار نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر پریس کانفرنس کردی جس پر کمیٹی کے حکومتی ارکان ناراض ہو گئے اور تقریباً 4 گھنٹے تک اجلاس دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے پارلیمانی کمیٹی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے، معاملہ سلجھنے کے بجائے الجھ گیاتو ن لیگ کے خواجہ سعدرفیق نے مسلسل حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے کمروں کے چکر کاٹے اور بالآخر سب کو منانے میں کامیاب ہوگئے۔ اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو آدھ گھنٹہ جاری ر ہنے کے بعد رات 9 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ اجلاس کے بعد سید خورشید شاہ نے میڈیاسے بات چیت میں کہاکہ مسلم لیگ ن نے اپنی قیادت کے ساتھ مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ن لیگ کے ارکان بااختیار ہیں یا نہیں وقت بتائے گا تاہم اُمید باقی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پیچیدگی کم ہو رہی ہے، کسی بیرونی مداخلت کے آثار نظر نہیں آئے، معاملہ سیاستدانوں کے درمیان ہے تاہم اگر یہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتاہے تویہ سیاستدانوں کی ناکامی نہیں ہوگی ۔