23 مارچ ، 2013
کراچی…سندھ کے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہاوٴس کے دروازے عوام کیلئے کھول دیئے گئے ہیں اور روزانہ صبح ساڑھے 11 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کوئی بھی ان سے ملاقات کرسکتا ہے۔کراچی کے ایک ہوٹل میں تقریب کے دوران زاہد قربان علوی نے اعتراف کیا کہ اندرون سندھ صحت ، تعلیم ، پینے کے صاف پانی اور سماجی برائیوں جیسے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو ان دشواریوں کا بغور جائزہ لینا ہوگا کہ بجلی اور پانی کے بغیر زندگی مشکل ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے تاہم نگران حکومت نے اس حوالے سے ایک موثر حکمت عملی تیار کی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر قابو پاکر کراچی کو پر امن بنائیں۔