25 مارچ ، 2013
کوئٹہ… بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ نواب اختر مینگل آج دبئی سے کراچی پہنچیں گے۔ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے ان سے فون پر رابطہ کیا اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے بتایا ہے کہ نواب اختر مینگل آج دوپہر کراچی ائیر پورٹ پہنچیں گے اور انہیں جلوس کی صورت میں ان کی رہائش گاہ تک لایا جائے گا۔ دوسری جانب نواب اختر مینگل سے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے فون پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ لیں تاکہ عوام اپنے نمائندے منتخب کرسکیں جبکہ صوبے میں امن وامان کا قیام اور سیاسی حلقوں کے اعتماد کی بحالی ان کی اولین ترجیح ہے۔ بات چیت کے دوران طے پایا کہ سردار اختر مینگل دبئی سے وطن واپسی پر آج نگراں وزیراعلیٰ سے ملیں گے جس کے بعد سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔