25 مارچ ، 2013
لاہور…پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلٰی کے انتخاب کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے پہلے دن مجوزہ ناموں پر مشاورت نہیں ہوئی۔ اجلاس آج دوسرے دن بھی جاری رہے گا۔ 6 رکنی کمیٹی میں حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا ثناء اللہ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور ملک اقبال چنڑ شامل ہیں جب کہ اپوزیشن کی نمائندگی شوکت بسرا، چودھری ظہیرالدین اور ذوالفقار گوندل کر رہے ہیں۔ کمیٹی کے سامنے چار نام ہیں، مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر اور حزبِ اختلاف کے تجویز کردہ جسٹس ریٹائرڈ زاہد حسین اور سینیئر صحافی نجم سیٹھی۔ کل 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس پنجاب اسمبلی میں ہوا جس میں طریقہ کار طے کیا گیا اور اصول و ضوابط کا تعین کیا گیا۔ کل کے اجلاس میں مجوزہ ناموں پر مشاورت نہیں ہو سکی لیکن کمیٹی ممبران نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ باقی دو دنوں میں معاملہ افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے گا۔ کمیٹی منگل تک کسی ایک نام پر متفق نہ ہو سکی تو معاملہ صوبائی الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔