03 مارچ ، 2012
اسلام آباد … ایوان صدر کے ترجمان نے صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے 2 مئی 2011ء کے امریکی آپریشن سے متعلق آرمی چیف کو ٹیلی فون کال کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ان میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان ایوان صدر فرحت اللہ بابر کی جانب سے جاری کردہ تردیدی بیان میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیا کی جانب سے تاثر دیا گیاہے کہ 2 مئی کی شب ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی فورسز کے مبینہ آپریشن کے بارے میں صدر زرداری نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو ٹیلی فون کے ذریعے اطلاع دی کہ آپریشن ان کی اجازت سے کیاگیا ہے، ترجمان نے میڈیا کی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ صدر مملکت نے آرمی چیف کو اسامہ کے خلاف آپریشن کی اجازت دینے کے بارے میں کوئی ٹیلی فون کال نہیں کی تھی۔