26 مارچ ، 2013
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی نے آیندہ انتخابات کے لیے قومی اسمبلی کے 29 اور صوبائی اسمبلی کے 77 حلقوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ اسفند یار ولی خان این اے 7، غلام احمد بلور این اے ون اور سابق وزیر اعلی امیر حیدر ہوتی این اے 9 اور پی کے 23 سے الیکشن لڑیں گے۔ اے این پی کے پارلیمانی بورڈ کی فہرست کے مطابق پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان این اے سات چارسدہ سے الیکشن لڑیں گے جبکہ سابق وزیر اعلی امیر حیدر ہوتی کو این اے 9 مردان اور پی کے 23 سے پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ این اے ون پشاور سے چار مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے حاجی غلام احمد بلور کو ایک بار پھر پارٹی ٹکٹ مل گیا ہے۔ پی کے ون پشاور سے سینیٹر الیاس بلور کے صاحبزادے غضنفر بلور،بشیر بلور شہید کے حلقے پی کے تھری سے ان کے بیٹے ہارون بلور کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ سابق وزراء میاں افتخار حسین ، عاقل شاہ ، سردار حسین بابک کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔