26 مارچ ، 2013
اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے عدالتی احکامات کے باوجود سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے چئیرمین پی ٹی اے کی دوبارہ تعیناتی کے احکامات کوقواعد کی خلاف وزری اور توہین عدالت قرار دے دیا۔ کمیٹی نے معاملہ چھان بین کے لیے نیب کو بھجوانے کی ہدایت بھی کردی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس سینیٹر ادریس صافی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔کمیٹی نے اسپیشل سیکریٹری کابینہ ڈویژن شاہد اللہ سے پوچھا کہ عدالت نے چئیرمین پی ٹی اے کو ہٹایا تو سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ان کی دوبارہ تعیناتی کا حکم کیوں جاری کیا ؟اسپشل سیکریٹری نے کہاکہ سابق وزیراعظم نے انہیں چئیرمین نہیں،ممبر فنانس لگانے کے احکامات دیے تھے۔ کمیٹی نے معاملہ چھان بین کے لیے نیب کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔ ایک رکن کمیٹی نے انکشاف کیا کہ ڈی جی پی ٹی اے سجاد لطیف کو بھی اسلام آباد ہائی کورٹ ہٹا چکی ہے ، مگر وہ پھر بھی عہدے پر براجمان ہیں۔ کمیٹی نے اس حوالے سے بھی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔