27 مارچ ، 2013
اسلام آباد…لاپتہ افراد کے کمیشن نے سپریم کورٹ میں عبوری رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے اب تک لاپتہ افراد کے مجموعی 1011 مقدمات میں سے 378 نمٹا دیے ہیں ، 633 کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ لاپتہ افراد کمیشن کے رجسٹرار پرویز احمد کی جانب سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں لاپتہ افراد کے 16 کیسز نمٹائے گئے ، 20 باقی ہیں۔ پنجاب میں 133 کیسز نمٹائے گئے ، 148 باقی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں لاپتہ افراد کے 24 مقدمات نمٹائے ، 100 باقی ہیں ،خیبر پختوانخوا میں لاپتہ افراد کے 125 مقدمات نمٹائے گئے، 279 باقی ہیں ،بلوچستان میں 59 مقدمات نمٹائے گئے ، 48 کا فیصلہ ہونا باقی ہے، فاٹا میں 12 کیس نمٹائے گئے ، 26 باقی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آزاد جموں کشمیر میں لاپتہ افراد کے 9 مقدمات نمٹائے گئے جبکہ 11 کا فیصلہ ہونا باقی ہے، گلگت بلتستان میں صرف ایک مقدمہ سامنے آیا جس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ لاپتہ افراد کے کمیشن کا قیام مارچ 2011 میں عمل میں لایا گیا تھا۔